لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم دوسرے ٹوئنٹی 20ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے گزشتہ روزبھارت چلی گئی ۔میگا ایونٹ کل سے 12فروری تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے لیے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل حکام کے مطابق 17 کھلاڑیوں اور 3 آفیشلز پر مشتمل 20 رکنی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے ہفتے کی صبح9 بجے بھارت روانہ ہو گئی، محمد جمیل ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ انیس جاوید نائب کپتان ہیں۔ ہمسایہ ملک جانے والوں میں عامر اشفاق، ریاست خان، محمد ایاز، ساجد نواز، ظفر اقبال، ادریس سلیم، بدرمنیر، انیس جاوید، نثار علی (وکٹ کیپر)، ایوب خان، مطیع اللہ، محمد جمیل (کپتان)محمد اکرم، ثنا اللہ، محسن خان، محمد اعجاز اور اسرار الحسن شامل ہیں۔ آفیشلز میں عبدالرزاق کوچ، حبیب اللہ منیجر اور طاہر محمود بٹ بطور ٹرینر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کپ کی افتتاحی تقریب 29 جنوری کو ہوگی جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 30 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ ایونٹ میں پاکستان مجموعی طور پر 9 میچ کھیلے گا۔یاد رہے کہ ابتدائی ورلڈ ٹی 20 کپ 2012 میں بھی پاکستان ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم فیصلہ کن مقابلے میں اسے بھارت کے ہاتھوں 29 رنزسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔