پشاور/لاہور (بیورو رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے الیکشن 2018ملک لوٹنے والے چوروں کیلئے احتساب کا دن ثابت ہوگا، چور بڑا ہو یا چھوٹا اسے اڈیالہ جیل کی ہوا کھانی پڑیگی، اب چھوٹے اور بڑے چور کا نعرہ لگاکر عوام پر چہرے بدل کر حکومت کرنے کا وقت گزر چکا ہے، عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور وہ اصل حقائق کو جان چکے ہیں ،زینب ، عاصمہ اور اس طرح کے دیگر سینکڑوں پیش آنے والے واقعات بد اخلاق حکمرانوں کی بد اخلاقی کا تحفہ ہیں ،ان حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی،بے روزگاری اور دیگر مسائل سمیت بد اخلاقی کا بھی ایک بڑا تحفہ دیا ہے جسکی وجہ سے ملک و قوم کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی ہے، ہمارے حکمران امریکی آلہ کار ہیں ان کی چاپلوسی میں ملک کی سالمیت کو بھی دائو پر لگانے کو تیار ہیں ،جمعیت طلبہ عربیہ کے تحفظ مدارس اور سالمیت پاکستان مہم ملک اور اسلام دشمن قوتوں کیلئے پیغام ہے کہ پاکستانی نوجوان اپنی دھرتی پر مرمٹنے کو تیا ر ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے مردان کے علاقہ رستم میں جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام تحفظ مدارس اور سالمیت پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پچاس سے زائد عمائدین علاقہ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سراج الحق نے کانفرنس میں الیکشن 2018 کیلئے اپنے نمائندوں کوپیش کیا اور عوام کے سامنے ان سے ملکی وفاداری اور عوامی خدمت کا حلف لیا ۔سراج الحق نے کہا ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے عناصر میدان میں ہیں، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ملکی سالمیت اور بقاء کی ضمانت ہیں ،پوری دنیا میںان مدارس کا ایک نظام تعلیم ہے لیکن ہمارے حکمرانوں نے اپنے لاڈلوں کیلئے الگ اور عوام کیلئے الگ نظام تعلیم اور پھر اس میں بھی طرح طرح کے نصاب ہیں ہم ایسے نظام تعلیم کو رائج کرینگے جس میں امیر و غریب کا بیٹا ایک نظام اور نصاب کے تحت تعلیم حاصل کرے،جب تک اقتدار افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتا رہے گا ملک میں عدل و انصاف کا نظام قائم نہیں ہوسکتا ۔