چترال کی صوبائی سیٹ کم کی گئی تو چیلنج کرینگے: مولانا عبد الاکبر چترالی

Jan 29, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی ضلع چترال نے خیبر پی کے اسمبلی میں ضلع چترال کی ایک نشست کو کم کرنے کے اقدام کو الیکشن کمشن آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس ضمن میں ایک کھلا خط بھی کمشن کو ارسال کردیا گیا ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی ، ڈسٹرکٹ ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ اور امیر جماعت اسلامی ضلع چترال مولانا جمشید احمد کی جانب سے بیرسٹر اسد الملک اور محب اللہ تریچوی کی وساطت سے الیکشن کمیشن کو ارسال کئے گئے خط میں چترال کے محل وقوع ، رقبہ کی وسعت ، تور غر کو ایک لاکھ71 ہزار کی آبادی پر صوبائی سیٹ برقرار رکھنے، قبائلی علاقوںکو چار لاکھ آبادی پر ایک قومی سیٹ دینے جبکہ چترال کو دو ضلعوں میں تقسیم ہونے کے باوجود ایک صوبائی سیٹ سے محروم کرنے کو بنیا د بنایا گیا ہے۔ مولانا عبد الاکبر چترالی کے مطابق اگر حقائق کو پس پشت ڈال کر چترال کی صوبائی سیٹ کم کی گئی تو ہم اسکو سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ا ور اس سلسلہ میں ہر آئینی راستہ اختیار کریں گے۔

مزیدخبریں