پاکستان نے سیریز جیت کر دوبارہ نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی

ویلنگٹن (اے پی پی)پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 18 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی، فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے عالمی رینکنگ میں کیویز کو ٹاپ پوزیشن سے بھی محروم کر دیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فخر زمان 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عمر امین نے 7 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 21 اہم رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز تک محدود رہی، مارٹن گپٹل کی 59 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، شاداب خان میچ اور محمد عامر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے، فخر زمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز دیا، شہزاد 19 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند کا نشانہ بنے، 66 کے سکور پر بابر اعظم 18 رنز بنا کر سودی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 106 کے سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب فخر زمان 46 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کی گیند پر بروس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد بھی 29 رنز بنا کر چلتے بنے، عمر امین نے اہم وقت پر 7 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 156 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن بہتر بنائی، فہیم اشرف 8 رنز بنا سکے، حارث سہیل 20 اور عامر یامین 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، آئش سودی اور مچل سینٹنر نے 2، 2 ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 163 رنز بنا سکی، مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، فہیم اشرف نے ولیمسن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 9 رنز بنائے، اس موقع پر گپٹل نے کچن کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 84 تک پہنچا دیا، یہاں پر شاداب خان نے کچن کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی، انہوں نے 16 رنز بنائے، شاداب خان نے اپنے اگلے اوور میں گپٹل کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، گپٹل نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی، کولن ڈی گرینڈ ہوم ایک رن بنا کر عامر یامین کی گیند پر بولڈ ہوئے، روز ٹیلر نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور 3 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی آس دلائی تاہم 128 کے سکور پر محمد عامر نے انہیں آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔، ٹام بروس 22 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہوئے، سینٹنر 24 اور بلونڈل 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاداب خان نے 2 جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، عامر یامین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ای پیپر دی نیشن