مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار و سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کبھی قبول کیا اور نہ ہی کریں گے، ہماری شیئرنگ کے بغیر کوئی ڈرون اٹیک ہوا تو اسے گرا دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر خضر ریحان، مسلم لیگ لائیرز فورم کے صدر اورنگزیب ریحان کے ہمراہ سینئر صحافی رانا جعفر حسین کے بڑے بھائی اور نوجوان صحافی باقر علی کے والد رانا انتظار حسین کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر افسوس کا اظہار کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہے، خطہ میں امن پاکستان کی بدولت ہے، پاکستان آرمی اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا امریکی ڈرون کے پاکستان کے اندر حملے ہرگز برداشت نہیں کئے جائیں گے، جو بھی ڈرون ہماری شیئرنگ کے بغیر پاکستان کی حدود میں داخل ہوا گرا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات پہلے بھی اچھے تھے اور دفاعی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت چلتی تھی، دہشت گردی کے خلاف امریکہ اور ہمارا ایجنڈا ایک ہے مگر کوئی یہ سمجھے ہم امریکہ یا کسی ملک کے آگے اپنی سالمیت کے خلاف جھکیں گے تو یہ ہرگز قبول نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر پاکستان کو افسوس ہے، افغانستان ہمارا برادر ملک ہے اس کے ساتھ ہمارا یہی مطالبہ رہا ہے کہ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کیا جائے مگر افغانستان میں بیٹھے بھارتی ایجنٹ نہ تو ہم کو ایک ہو کر بیٹھنے دے رہے ہیں بلکہ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہا ہے۔ پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہر وقت اور ہر طرح تیار ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ایران ہمارا برادر ملک ہے، اس نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے، ایران کے ساتھ دفاع اور کئی شعبوں میں تعاون جاری ہے، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ بھی مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے تمام سیاستدانوں کی ضرب اور تقسیم کی جائے تو نواز شریف کو محب وطن ہونے کے سو فیصد نمبر ملیں گے۔ انہوں نے کہا میڈیا نے چوہدری نثار اور ن لیگ کے دیگر سرکردہ افراد میں متضاد خبریں چلا کر نفرت پھیلانے کی کوشش کی، اصل حقیقت یہ ہے چوہدری نثار مسلم لیگ ن کا اثاثہ اور نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں، قوم 2018 کے الیکشن میں چوہدری نثار کو میاں نواز شریف کے شانہ بشانہ دیکھے گی۔