کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز) بلوچستان کے علاقے جیوانی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیاں معمول کے مطابق گشت کر رہی تھیں جیسے ہی گاڑیاں جیوانی کے علاقے بی ایریا میں دشت سیاچی کے مقام پر پہنچی تو نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کے کنارے تخریب کاری کی غرض سے نصب کیا گیا آئی ای ڈی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک سکیورٹی اہلکار لانس نائیک عارف نواز موقع پر شہید جبکہ گاڑی میں سوار کانسٹیبل رمضان، کانسٹیبل سلیم ، کانسٹیبل قدوس اور کانسٹیبل ساجد شدید زخمی ہو گئے، دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز کی مزید نفری اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نعش ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق کوئٹہ میں ہزار گنجی میں نامعلوم افراد نے ایک دکان کے قریب کھڑے پولیس اہلکار پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نعش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
جیوانی: بارودی سرنگ دھماکہ، ایک سکیورٹی اہلکارشہید، 4 زخمی، کوئٹہ: پولیس ملازم فائرنگ سے جاں بحق
Jan 29, 2018