پشاور: مشتاق غنی کے بھائی کے گھر 11 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جاں بحق

Jan 29, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات خیبر پی کے مشتاق غنی کے بھائی کے گھر ملازم کمسن بچی پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔ آئی جی پولیس خیبر پی کے صلاح الدین محسود نے 11 سالہ ملازمہ مصباح کامران کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور پولیس افسروں کو شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس ترجمان نے تفتیش شروع ہونے سے پہلے ہی بچی کی موت کی وضاحتیں پیش کردیں۔ انکوائری سے پہلے ہی ہلاکت کی وجہ موروثی بیماری کو قرار دیدیا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ فروٹ کھانے کے بعد بچی کی طبیعت خراب ہوئی۔ بچی کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ بچی کا ایک بھائی اور بہن بھی اسی بیماری سے جاں بحق ہوئے تھے۔ لواحقین کی طرف سے قانونی کارروائی کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ مصباح کی موت کا اتنا ہی دکھ ہے جتنا اس کے گھر والوں کو ہے۔ مصباح کی موت کی تحقیقات کرانے پر کوئی اعتراض نہیں۔ پگڑیاں اچھالنے والے پروپیگنڈا کررہے ہیں، ہر بندہ پوائنٹ سکورنگ پر لگا ہوا ہے۔

مزیدخبریں