زیتون کا پوداہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے ،محکمہ زراعت

Jan 29, 2018

لاہور (این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ زیتون کے پودے موسم بہار (وسط فروری تامارچ) اورمون سون کے فوراً بعد لگائے جائیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پودے قطاروں میں لگائے جائیں اور پودوں کی قطاروں کا رُخ شمالاً جنوباً رکھاجائے‘ہر2قطاروں اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 18فٹ رکھیں۔کسی بھی کھیت میں داغ بیل کرتے وقت اس بات کاخیال رکھیں کہ پودوں کے جوان ہونے کے بعد بھی ان کے درمیان اور ان کی بیرونی حدود کے ساتھ ہل وغیرہ باآسانی چلایاجاسکے۔ زیتون کی وادی کا قیام زرعی ترقی کیلئے نیک شگون ہے۔محکمہ زراعت کا یہ اقدام قابل تحسین ہے۔حکومت پنجاب کے 5سالہ منصوبہ کے تحت 2015 ء تا2020ء میں پوٹھوار کے اضلاع(چکوال‘جہلم‘اٹک‘ راولپنڈی اور خوشاب)کے منتخب کاشتکاروں کو زیتون کے 20لاکھ پودے مفت فراہم کئے جائینگے ۔محکمہ زراعت پودوں کی فراہمی کے علاوہ فنی معاونت بھی مفت فراہم کررہاہے۔ گبار ی زیتون1‘باری زیتون2‘لیسینو‘گیملک ‘مورائلور‘ آربیکیونا‘آربوسانہ اور نبالی زیتون کی سفارش کردہ اقسام ہیں۔ پوٹھوارکو زیتون کی وادی بنانے کیلئے زیتون کے پودوں کی مفت فراہمی کے پروگرام کا آغازہوگیاہے ‘زیتون کا پوداہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے جہاں اس کیلئے مناسب مقدارمیں پانی دستیاب ہو‘زمین کی تیزابی خاصیت5.5سے 8.5 کے درمیان ہو۔

مزیدخبریں