واشنگٹن (نوائے وقت نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن اور ہیتلھ پالیسیوں کے خلاف وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے وائٹ ہائوس کے باہر نماز ظہر بھی ادا کی۔ مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کی امریکہ آمد روکنے کے حکم نامے کا سال مکمل ہونے پر وائٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے میں شریک مسلم شرکاء نے باجماعت نماز ظہر بھی ادا کی۔ مظاہرین صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں لوگوں کو تقسیم کرنے والی ہیں۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے افریقی ممالک کے لیے بے ہودہ الفاظ استعمال کرنے کی بھی مذمت کی۔