لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے ایگزمپشن سرٹیفکیٹ کیلئے نئی پالیسی بنائی جارہی ہے جس میں اس کی مدت دو سے بڑھا کر چھ ماہ کر دی جائے گی۔ منی بجٹ میں خام مال کی ڈیوٹیوں میں کمی کی لسٹ کابینہ میٹنگ کی منٹس کی منظوری کے بعد سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ایف بی آر کے مارکیٹوں میں چھاپوں کا سلسلہ دو سے تین روز قبل بند کر دیا گیا۔ اس کے ایس او پیز بنا رہے ہیں ۔ انتہائی کیسز میں ایف بی آر اس طرح کا اقدام کر سکے گا۔ سٹیل انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ ہیں ۔ گزشتہ حکومت نے 12سے 13فیصد سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا۔ فاٹا، پاٹا کو اس میں استثنیٰ مل گئی۔ سٹیل ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروںکو اسلام آباد مدعو کر کے اس مسئلے کو حل کر لیں گے۔ حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکس ریفارمز ایمپلی منٹیشن کمیٹی بن چکی ہے جس نے منی بجٹ میں معاونت کی۔ اب ٹیکس انتظامیہ کو ٹیکس پالیسی سے الگ کر دیا گیا۔