مکہ مکرمہ (صباح نیوز) سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو قتل کرنے کے الزام میں 4 یمنی شہریوں کے سر قلم کر دیئے گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی حکام نے پاکستانی شہری رحیم تاج غلام کو لوٹ کر قتل کرنے کے جرم میں ملوث 4 یمنی شہریوں علی سالم ابراہیم یحییٰ ، عبدالباسط عبدالصمد غرسان، یحییٰ عایش مسعود بخیت اور یاسین محمد علی کو موت کی سزا دے دی ۔سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چاروں عرب پاکستانی شہری کو قتل کرکے فرار ہوگئے تھے۔ پاکستانی ایک کمپنی کے صدر دفتر میں چوکیدار تھا۔ ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ کی جانب سے بھی سزا کی توثیق کے بعد ایوان شاہی نے عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم جاری کردیا جس پر گذشتہ روز عمل درآمد کر دیا گیا۔