لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ نئی نسل کو دوقومی نظریہ ، تحریک پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکارونظریات سے آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے۔ ضلع بھکر کے تمام تعلیمی اداروں میں نظریۂ پاکستان سوسائٹیز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔نوجوان نسل ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بھکر کیپٹن(ر) وقاص رشید نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘ لاہور کے دورہ کے دوران سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ضلع بھکرعابد حسین بھٹی اور الحمرا آرٹ کونسل کے کوآرڈی نیٹر نیاز حسین لکھویرا بھی موجود تھے۔ کیپٹن(ر) وقاص رشید نے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا یہ ملک اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں اور مشاہیر کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر تمام گروہی، لسانی اور فرقہ ورانہ اختلافات بھلا کر قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں متحد ہو گئے ۔ہمارے آباواجداد نے آزاد وطن کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا 23مارچ سے قبل ضلع بھکر میں ’’ہفتہ نظریۂ پاکستان ‘‘ منایا جائے گا جس کا اختتام یوم پاکستان کی مرکزی تقریب پر ہوگا۔شاہد رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے بنیادی نظریے کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔ قبل ازیںڈپٹی کمشنر بھکر کیپٹن(ر) وقاص رشید ودیگر مہمانوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میںنادر و نایاب تصاویر پر مشتمل تحریک پاکستان کی گیلری بھی دیکھی۔
نئی نسل کو مشاہیر تحریک آزادی کے افکار سے آگاہ کرنا ضروری ہے:وقاص رشید
Jan 29, 2019