لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شاہدرہ ،داروغہ والا اور فیروزپور روڈ پر لگنے والی صنعتوں کو ریگولائزکرنے کے حوالے سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہاں ترقیاتی کام بھی کرائے جائیں گے تاکہ صنعت کاروں کو ساز گار ماحول میسر آئے۔صوبائی دارالحکومت سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر1500سے زائدایکڑ رقبے پر قائداعظم اپیرل پارک کے بڑا منصوبے میں ترقیاتی کام اسی سال مکمل ہو گا۔فیصل آباد میں 3300ایکڑ رقبے پر سپیشل اکنامک زون بھی بنایا جارہا ہے اور یہ منصوبہ سی پیک کاحصہ ہے۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ان خیال کا اظہارگزشتہ روز ایوان صنعت وتجارت لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر،چیئرمین ایف بھی آر جہانزیب خان،صدرایون صنعت وتجارت الماس حیدر اورچیمبر کے دیگر عہدیداران کے علاوہ تاجروں اور صنعت کاروںکی بھی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے اور پنجاب کابینہ نے اس کے خدوخال کی منظوری بھی دے دی ہے۔اسی طرح لیبر ڈیلیشن پالیسی بھی کابینہ منظور کر چکی ہے جبکہ صنعت کاری کے حوالے سے لینڈ لیز پالیسی کے رولز بن رہے ہیںجنہیں منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔