لورالائی: دہشتگردوں کا دستی بموں‌ سے حملہ، فائرنگ سے 14 افراد زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ڈی آئی جی آفس پر فائرنگ، دستی بموں سے حملے کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہو گئے جن میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے. سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

بلوچستان ایک مرتبہ پھر دہشتگردوں کے نشانے پر، بھاری اسلحے اور دستی بموں سے لیس شدت پسندوں نے ڈی آئی جی آفس لورالائی پر ہلہ بول دیا۔  دہشت گردوں نے پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور پھر دستی بم پھینکے جس سے 14 افراد زخمی ہو گئے جن میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔  بتایا گیا ہے کہ پہلے شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد کان پھاڑ دینے والے دھماکے سے فضا گونج اٹھی۔

اطلاعات کے مطابق ڈی آئی جی آفس میں کانسٹیبلز اور کلرکوں کی اسامیوں کے انٹرویوز جاری تھے اور امیداواران کی بڑی تعداد احاطے میں  موجود تھی۔ حملے کے باعث بھگدڑ مچ گئی تاہم سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی۔

ای پیپر دی نیشن