آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوسکتی ہے : جیفری شا

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا کاکہنا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلین ٹیم کی آمد کی راہیں پی ایس ایل کے ذریعے ہموار ہوسکتی ہیں۔ پی ایس ایل میں کئی آسٹریلوی کھلاڑی کھیل رہے ہیں، جس سے اعتماد بہتر ہوگا۔انہوں نے کراچی میں جاری قومی ویمنز ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور خواتین کرکٹرز سے ملاقات میں ورلڈ کپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر منگل کی دوپہر نیشنل سٹیڈیم کراچی پہنچے اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کے ساتھ پریکٹس میچ دیکھا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کرکٹرز سے ملاقات بھی کی۔حال ہی میں آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیل کر آنیوالی ندا ڈار سے جیوفری شا نے ان کے تجربے کے بارے میں بھی دریافت کیا، اْنہوں نے امید ظاہر کی کہ ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی خواتین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کو کرنا ہے، لیکن امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے اس کی راہیں ہموار ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن