عثمان بزدار کی گرفت مضبوط

اس بات پر سب کو اتفاق ہے کہ صوبہ پنجاب وہ بنیاد جس پر پاکستان کی عمارت کھڑی ہے اور سندھ، کے پی کے اور بلوچستان ایسی فصیلیں ہیں جو پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے طاقت کا درجہ رکھتی ہیں۔ صوبہ پنجاب میں سیاسی استحکام اور اچھی حکومت محفوظ پاکستان کی ضمانت بنتی ہے۔ صوبہ پنجاب میں 30 سال سے ایک خاندان کی حکمرانی رہی ہے اور اس دور کی بدعنوانی اور کرپشن کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ عوام نے ووٹ کی طاقت سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے مینڈیٹ دیا۔ تحریک انصاف نے کرپشن کے خاتمے، اداروں کو مضبوط اور خودمختار بنانے، حکومت میں سادگی اور کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دینے، ٹیکس کی رقم اور تمام وسائل عوام کی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے خرچ کرنے کی بنیاد پر انتخاب جیتا۔ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان جہاں دیدہ شخصیت ہیں۔ انہوں نے ماضی میں مسلسل نظرانداز کئے گئے علاقے یعنی جنوبی پنجاب سے سردار عثمان احمد خان بزدار کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سونپی، سردارعثمان احمد خان بزدار کو پنجاب کی ضلعی حکومت کا پہلے سے ہی تجربہ تھا۔ ان کا ماضی بے داغ تھا، وہ شرافت کی سیاست کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں صوبہ میں بھرپور انقلابی اقدامات کا آغاز کیا اور ہر شعبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ یہی وہ صورت حال تھی جس پر اپوزیشن اور اقتدار سے محروم طبقہ پریشان ہوا اور ان کے خلاف پراپیگنڈا کا طوفان کھڑا کر دیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ دو روز میں اپنی سیاسی بصیرت، تدبر اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے حیران کن انداز میں معاملات کو قابو میں کر لیا ہے اور پنجاب کی سیاسی و انتظامی امور پر ان کی گرفت پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ ان حالات میں وہ ایک کندن بن کر ابھرے ہیں۔ ان کی کاوشوں سے صوبہ میں غیر معمولی ڈویلپمنٹ نے سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے اور ان میں حقیقی معنوں میں وسیم اکرم پلس کی جھلک دکھائی دی ہے۔ انہوں نے سازشی عناصر کو چاروں شانے چت کر کے بولڈ کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ہمارے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔ ہمیں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہاکہ ہم آپ کے ساتھ تھے ، ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہم وزیراعظم عمران خان اور آپ کے سپاہی ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف پنجاب کے قومی و پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں پارٹی کو مضبوط کرنے سے متعلق امور، حلقوں کے مسائل کے حل اور عوام کے ساتھ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں کو نظرانداز کر سکتے ہیں نہ ان کے ووٹرز کو۔ ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے۔ ٹکٹ ہولڈرز کو پورا احترام دیا جائے گا۔ ٹکٹ ہولڈرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقوں میں ترقیاتی کام ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ہوں گے۔ میں جس ضلع کا دورہ کروں گا وہاں پر ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ بھی ملاقات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹری کے ساتھ بھی ملاقات ہو گی۔
اگر حقائق دیکھے جائیں تو پنجاب میں مختصر ترین عرصہ میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کیا کچھ نہیں کیا۔ صوبہ میں 7 نئی یونیورسٹیوں کے علاوہ 4 ٹیکنیکل یونیورسٹیوں اور 43 نئے کالجزقیام کا منصوبہ شامل ہے۔ اسی طرح محکمہ صحت کے شعبے میں 5 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں سمیت 9 نئے ہسپتال قائم کرنے کامنصوبہ، دیہات میں 194 طبی مراکز صحت میں علاج معالجہ کی 24 گھنٹے سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن