نئے پاکستان میں عوام دووقت کی روٹی کوترس گئے ،ساجد عباسی

Jan 29, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آبادکے جنرل سیکرٹری و چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آبادایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ نئے پاکستان میں عوام دووقت کی روٹی کو ترس گئے،پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازاہے مگر بدعنوان اور نااہل،نالائق حکمرانوں نے اسے عالمی بھکاری بنادیاہے،بے پناہ مہنگائی،بے روزگاری،بجلی،گیس ،پٹرولیم،ادویات کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ تبدیلی سرکارکی نااہلیت کا نتیجہ ہے،غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ،تبدیلی سرکار میں روزمنی بجٹ آنا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو نئے سال اور نئے پاکستان کا مطلب مہنگائی کی شکل میں ملا ہے،نااہل اور نالائق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے،مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی قصیدہ گوئی کررہے ہیں،معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کے حکومتی دعوے ریت کے دیوار ثابت ہورہے ہیں۔

مزیدخبریں