وزیراعظم عمران خان نےآئی جی سندھ کوآج اسلام آباد طلب کرلیا

Jan 29, 2020 | 11:28

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےانسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کو آج اسلام آباد میں طلب کررکھا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج آئی جی سندھ کلیم امام سے ملاقات  کریں گے ۔ ملاقات میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال پربات ہوگی ۔
گزشتہ روزکراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے کہا تھا کہ وہ کہیں نہیں جارہے ہیں ، مذاق میں ٹرانسفر سے متعلق گفتگو کی، میڈیا پر میرا بیان غلط انداز میں چلایا گیا۔
پیرکے روز وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ  کی ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ آئی جی سندھ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو5 نام ارسال کئے گئے تھےجن میں غلام قادر تھیبو، ڈاکٹر کامران فضل، مشتاق مہر، ثناءاللہ عباسی اور انعام غنی کے نام شامل تھے۔
اس حوالے سے صوبائی حکام نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں  کلیم امام کی برطرفی اور ان کی جگہ نئے پولیس آفیسر کی تقرری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے کلیم امام کے تبادلے  کی مخالفت کی تھی لیکن 27 جنوری کو حکومت کی جانب سے  آئی جی کو تبدیل کرنے کے لئے صوبائی حکومت کو گرین سگنل دے دیا گیا ۔ سندھ حکومت’اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ‘ اور ’غیر ذمہ دارانہ رویہ‘ کو وجوہات قرار دیتے ہوئے آئی جی کلیم امام کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ستمبر 2019 میں بطور آئی جی سندھ چارج  سنبھالا تھا  ۔ آئی جی سندھ کلیم امام کا پولیس میں 25 سال کا تجربہ ہے۔ ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کلیم کو جون 2018 میں آئی جی پنجاب بھی بنایا گیا تھا۔اعلیٰ خدمات پر کلیم امام کو تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ کلیم امام ایس پی سبی، ایس پی نصیر آباد، ایس ایس پی کوئٹہ، ایس ایس پی راولپنڈی اور ایس ایس پی اسلام آباد بھی تعینات رہے۔ 

مزیدخبریں