عارف والا (نمائندہ نوائے وقت) ٹڈی دل کا عارف والا کے مختلف دیہات میں حملہ جاری ہے، ٹڈی دل رنگ شاہ کے دیہات میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہے، بارش کے باعث ٹڈی دل کا یہاں سے منتقل ہونا مشکل ہو گیا ہے، اس سلسلہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت لطیف بھٹی نے بتایا کہ حالیہ بارش میں ٹڈی دل درختوں اور پودوں میں چھپ جاتی ہے جبکہ دھوپ نکلنے کی صورت میں ٹڈی دل ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو جاتی ہے، ٹڈی دل رنگشاہ کے علاقہ چک 51 ای بی اور چک جیون شاہ کے بعد اب چک 55 ای بی میں موجود ہے، جہاں سپرے کیا جارہا ہے، ٹڈی دل سے سرسوں، کماد اور گندم کی فصل سمیت سبزیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ دریں اثناء سابق صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا ٹڈی دل گندم، پیاز، کماد، آلو، سرسوں اور کینولہ کی فصلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، انہوں نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی صورت بھی ٹڈی دل کو فصلوں پر بیٹھنے نہ دیں، انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں بلاتفریق کسانوں کا ساتھ دیں، ڈاکٹر فرخ جاوید نے اپنے دورہ کے دوران خود ٹین بجا کر ٹڈی دل کو فصلوں سے بھگا کر اس عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکومت سے کسانوں کو مفت اور وافر سپرے فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔