لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔ نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے روبرو معاملات طے پا گئے ہیں نیب کو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی، آشیانہ اقبال اور آمدن سے زائد اثاثہ جات میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تیئس ماہ سے احد چیمہ گرفتار ہے، ڈیڑھ سال سے ایل ڈی اے سٹی کا ریفرنس ہی نہیں پیش کیا گیا، عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے روبرو ایل ڈی اے نے متاثرہ افراد کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے اب اس کیس میں اگر ضمانت منظور کر لی جائے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ نیب پراسیکیوٹر نے آشیانہ اقبال اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھراونہ دلائل دیں گے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیس آدھا مکمل ہو چکا ہے اور پراسکیوٹر تبدیل ہو رہا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت مزید ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔