آئی جی سندھ کا معاملہ، عمران اور مراد شاہ میں ٹیلی فونک رابطہ

Jan 29, 2020

اسلام آباد/ کراچی (وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا آئی جی سندھ کے معاملہ پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو وفاقی کابینہ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق مشاورت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم جو نام دے چکے ہیں انہی میں سے کسی کو آئی جی لگایا جائے، ہم نام دے چکے اب کوئی اور نام نہیں دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے آصف علی زرداری کو وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا اور آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق بھی بتایا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ کلیم امام کو ملاقات کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ آئی جی سندھ آج ( بدھ ) دوپہر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے وزیر اعظم کے گزشتہ روز کراچی کے دورے کے دوران آئی جی سندھ سے ملاقات نہایت مختصر رہی تھی جس کے باعث آئی جی صوبے کی صورتحال پر انہیں بریفنگ بھی نہیں دے سکے تھے۔خیال رہے کہ سندھ کابینہ نے 15 جنوری کو آئی جی کلیم امام کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وفاق کی جانب سے آئی جی کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیاتھا۔اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے اپنے اجلاس میں آئی جی کے تبادلے کی منظوری موخر کرتے ہوئے معاملہ گورنر اور وزیراعلی سندھ کے سپرد کردیا ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام کی کارکردگی سوالیہ نشان اور ان کا بیان تشویشناک ہے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی کی یقین دہانی کرائی تھی ہمارے شکوک و شبہات آئی جی صاحب نے برملا اظہار کیا آئی جی سندھ کی بات دھمکی آمیز تھی پاکستان بھر میں افسران کے تبادلے ہوتے ہیں کہیں کوئی بیان بازی نہیں کی جاتی سندھ میں پریس تبادلوں پر افسران کی جانب سے بیان بازی تشویشناک کا باعث ہے ۔

مزیدخبریں