اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گلبرگ کی رہائش گاہ کی نیلامی روکنے کا حکم دے دیا۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کی درخواست پر حکم امتناع جاری کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے درخواست سماعت کی تبسم اسحاق کے وکیل قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے گھر منجمدکرتے ہوئے نیلامی کیلئے پنجاب حکومت کی تحویل میں دیدیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گلبرگ 3 لاہور کا گھر اسحاق ڈار نے 14 فروری 1989 کو حق مہر میں اہلیہ کو دیا تھا، اہلیہ کی جائیداد ضبطگی اور نیلامی کے احکامات درست نہیں عدالت عالیہ نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے۔