قوم کو نشہ سے نجات دلانے کیلئے منشیات فروشوں کا پاتال تک پیچھا کرینگے۔ شہریار خان آفریدی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)منشیات جیسے ناسور سے قوم کو بچانے کے لئے اور خصوصاً نوجوانوں کو نشہ کی لعنت سے دورکرنے کیلئے انہیں مثبت سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا۔ حکومت نشہ کے خلاف جنگی انداز میں کام کررہی ہے اور قوم کو نشہ سے نجات دلانے کیلئے منشیات فروشوں کا پاتال تک پچھا کیا جائے گا۔یہ بات وزیر مملکت انسداد منشیات ونارکوٹکس کنٹرول شہریار خان آفری نے 22مارچ سے کراچی سے پشاور تک ہونے والی ’’ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل بیٹل اگینسٹ نارکوٹکس سائیکل ریس ‘‘ کے چیف آرگنائزر اور کراچی وسندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے مزید کہا کہ تباہی و بربادی کے اس عفریت کو انتہائی عبرت ناک کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوںنے اس بات کا اعادہ کیاکہ پاکستان کو منشیات سے پاک رکھنے کیلئے دن رات کام کرکے اس لعنت کے خلاف کام کرنیوالی فورسز اور سماجی رضاکاروں کو ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔انہوںنے 35سال سے کامیابی کے ساتھ مشن نارکوٹکس فری پاکستان جاری رکھنے پر کلیم اعوان کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ انکی جدوجہد کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوںنے کلیم اعوان کو یقین دلایا کہ ’’ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل بیٹل اگینسٹ نارکوٹکس سائیکل ریس ‘‘ کو انشاء اللہ سالانہ کلینڈر کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوںنے کلیم اعوان کو سپورٹ کرنے پر پاکستان آرمی ، پاکستان کوسٹ گارڈ،پاکستان پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے کردار پر خوشی کا اظہار کیااور کہا کہ انشاء اللہ کلیم اعوان کے حوصلوں کو ٹوٹنے نہیں دیا جائے گا۔شہریار آفریدی نے قوم خصوصاً نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ منشیات کے خلاف جہاد میں شامل ہوں تاکہ پاکستانی فورسز منشیات کے خلاف اپنے مشن میں کامیاب ہوکر سرخ روح ہوسکیںکیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی مشن پایا تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔

ای پیپر دی نیشن