کراچی(نیوز رپورٹر) پیراڈائز ہوم ابوالحسن اصفہانی روڈ گلشن اقبال یوسی 2928 کے مکین روڈ کی خستہ حالی اورکچرے کے انبار اورآوارہ کتوں کی بہتات کے باعث ذہنی کرب کاشکار ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پیراڈائز ہومز کے مکین بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کاشکار ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس کے فقدان اورآوارہ کتوں کی بہتات کے باعث سگ گزیدگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ رات کی چوری اورڈکیتی کی وارداتوں میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے اس ضمن میں صوبائی وزیر بلدیات ‘سیکریٹری بلدیات ‘ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چیئرمین ‘یوسی چیئرمین‘کمشنر کراچی اورمیئر کراچی کو درخواست بار ہا ارسال کی گئی ہیں۔ تاہم اس پر کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا گیا ہے اہل محلہ اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔
پیراڈائز ہومز ابوالحسن اصفہانی روڈ کے مکین ذہنی کرب کا شکار
Jan 29, 2020