یمن کے شمال مشرقی صوبے الجوف میں یمنی فوج کے ساتھ لڑائی میں درجنوں حوثی جنگجو اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کے روز جبال یام کے شمال میں الساقیہ کے محاذ پر یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 19 حوثی جنگجو مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ جھڑپوں کے دوران توپوں سے گولہ باری کی گئی اور یمنی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے طیاروں نے حوثی ملیشیا کے جتھوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران باغیوں کی ایک فوجی گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔ منگل کی شام اتحادی طیاروں نے الجوف صوبے کے علاقے الغیل میں حوثیوں کی ٹولیوں اور ٹھکانوں پر کئی فضائی حملے کیے۔
ادھر یمنی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران الجوف صوبے میں معرکوں کے دوران 80 سے زیادہ حوثی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔