صدر لاہور چیمبر سے ملاقات‘ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے: عاصم سلیم 

Jan 29, 2021

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کو گوادر میں "گوادر بزنس کانفرنس "کروانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جو پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی لاہور چیمبر کا دورہ کریں کر کے گوادر میں کاروباری مواقع کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد ایک معاشی کوریڈور کی تعمیر کے ذریعے پاکستان اور چین کے لوگوں کو معاشی طور پر خوشحال کرنا ہے۔ اس منصوبے سے باہمی روابط مستحکم ہونگے۔ تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ دیگر علاقائی ممالک سے بھی منسلک ہونگے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ  اس منصوبے میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستان کی صنعت بھی اس سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقامی خام مال کو ترجیح دی جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ترعیب دی جائے کہ وہ پاکستان میں مقامی وینڈر انڈسٹری ڈویلپ کریں جس کے ذریعے سی پیک کو خام مال فراہم کیا جاسکے۔ اس سے پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی وہی  مراعات اور سہولیات دی جائیں جو باہر کے سرمایہ کاروں کو دی جارہی ہیں۔ 

مزیدخبریں