لاہور (نمائندہ خصوصی) شالیمار کے علاقے ملتان کالونی میں نامعلوم ملزمان نے امام مسجد آصف کو تیز دھار آلے سے شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔ اہلخانہ کے مطابق گھر ملنے کے لیے آنے والے نامعلوم ملزمان نے مولانا آصف کی اہلیہ اور بیٹی کو دوسرے کمرے میں بند کر کے واردات کی۔ اہلخانہ کے شور مچانے پر مسجد انتظامیہ کے ارکان کوارٹر کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئے تو سامنے امام مسجد کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ ممبر مسجد انتظامیہ حاجی محمد یونس کا کہنا تھا کہ امام مسجد نہایت شریف اور ملنسار انسان تھے۔ کسی سے کوئی عداوت نہ تھی۔ وہ محلہ کے چالیس سے زائد بچوں کو قرآن پاک پڑھاتے تھے۔ ان کی رہائش مسجد کی چھت پر تھی۔ جہاں اپنی بیوی اور لے پالک بیٹی کے ہمراہ رہ رہے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقتول امام مسجد کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔