نمل کے وفد کااسلام آباد چیمبر کا دورہ ، عہدیداروں سے ملاقات

اسلام آباد (  نمائندہ خصوصی ) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے ایک وفد نے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد جعفر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے عہدیداران سے اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا تا کہ یونیوسٹیاں ایسے طلبا تیار کریں جو صنعتی شعبے کے معیار پر پورا اتریں جس سے صنعتی پیداوار بہتر ہو گی اور صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو گا۔ نمل یونیورسٹی کے پرو ریکٹر ریسرچ ڈاکٹر محمد زبیر اقبال اور مینجمنٹ سائنسسز کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر فید گل وفد میں شامل تھے۔ نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد جعفر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کو اپنی پیداواری صلاحیت بہتر کرنے اور ان کے اہم مسائل کا حل نکالنے میں بہتر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے ریسرچ ڈپارٹمنٹس مختلف شعبوں میں ریسرچ کا اچھا کام کر رہے ہیں لیکن اکیڈیمیا انڈسٹری قریبی روابط نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی شعبہ یونیورسٹیوں کی ان کوششوں سے بہتر استفادہ حاصل نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ اپنے مسائل یونیورسٹیوں کے ساتھ شیئر کرے تا کہ ان کا بہتر حل نکالنے کیلئے کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی نے اپنے ابن رشد بلاک میں صنعتی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا ہوا ہے لہذا چیمبر اس خطے کی صنعتی مصنوعات کی وہاں نمائش کرنے میں تعاون کرے۔ انہوں نے اس موقع پر طلبا کو مختلف زبانوں میں تعلیم فراہم کرنے کیلئے نمل یونیورسٹی کی کاوشوں کے بارے میں چیمبر کے عہدیداران کو بریفنگ دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نمل اور چیمبر کا باہمی تعاون اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔  

ای پیپر دی نیشن