لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کی جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ وکلاء نے موقف اپنایا کہ خواجہ آصف کو بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل نے جواب جمع کرایا۔ جیل حکام کے مطابق خواجہ آصف کو علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ ملزم کو ٹی وی‘ اخبار‘ ٹیبل اور میٹریس فراہم کر دیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق سہولیات دی گئی ہیں۔ جبکہ ملزم کو ہیٹر اور گھر کے کھانے کی سہولت عدالتی حکم سے مشروط ہوگی۔ عدالت نے خواجہ آصف کو ذاتی معالج سے چیک اپ کرانے‘ ملزم کو روم ہیٹر اورگھرکا کھانے فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔