اسلام آباد+ سیالکوٹ+ پسرور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 910 کیسز سامنے آئے جبکہ 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مجموعی تعداد 11 ہزار 514جاں بحق ہو چکے۔ مزید 2 ہزار 371 مریض شفایاب، تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 578 ہوچکی، متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387،، ملک میں فعال کیسز33 ہزار 295 رہ گئے۔ صوبہ سندھ میں مزید657 کیسز، 25 مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوبہ پنجاب میں 591 نئے کیسز، مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 245 متاثر، 13 مریضوں کا انتقال، صوبہ بلوچستان میں 23 کیسز رپورٹ، اموات کی مجموعی تعداد 193 پر برقرار ہے۔ اسلام آباد میں مزید 104 کیسز ، 3 مریضوں کا انتقال ہوا، آزاد کشمیر میں 54 افراد متاثر، مزید ایک مریض انتقال کرگیا، گلگت بلتستان میں 3 کیسز، مرنے والوں کی تعداد 102 پر برقرار ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چین سے کرونا ویکسین منگوانے کیلئے خصوصی ہوائی جہاز بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خصوصی جہاز آئندہ ایک دو روز میں چین روانہ ہو گا یہ فیصلہ کرونا ویکسین کے معاملہ پر این سی او سی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہم ویکسین کی تقسیم اور ترسیل کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس مشن میں متحد ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ میں نے صوبائی صحت حکام اور فیڈرل یونٹس سے بات کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کا چین کے ساتھ چلنے والا ٹرائل مکمل ہو گیا چند روز میں نتائج آ جائیں گے پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ پنجاب میں کرونا سے اموات کی شرح میں کمی ہوئی۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد 21لاکھ84 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10کروڑ14 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات ایک، ایک اور حافظ آباد کے مزید 3 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔پسرور سے نامہ نگار کے مطابق سول جج پسرور تکاثر احسان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد فاضل جج نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ عدالت کو مقفل کردیا گیا جبکہ عدالتی عملہ کے کرونا ٹیسٹ ہوں گے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار اور نمائندہ خصوصی کے مطابق گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال میں چار ڈاکٹروں اور عملہ سمیت 14 افرادکا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہسپتال کے گائنی وارڈ، لیبر روم اور آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کی 2 لاکھ ویکسین منگوانے کا آرڈر دے دیا ہے جو ابتدائی طور پر سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے عملے کو لگائی جائے گی۔ نمائندہ خصوصی مے مطابق ہسپتال سیل کر دیا گیا ۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ 'ویکسین کے سلسلے میں سینیٹ نے ایک قدم اٹھا لیا ہے اور چینی سفارتخانے یا چینی وزارت خارجہ کے ذریعے 2 لاکھ ویکسین کا آرڈر دے دیا ہے، جو ابتدائی طور پر سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے عملے کو لگائی جائے گی۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل نے امید ظاہر کر دی ہے کہ ویکسین اگلے ہفتے تک ملک میں دستیاب ہوگی۔ نادرا کے ساتھ مل کر ایک نظام تیار کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر ایک کو اس ویکسین تک رسائی حاصل ہو۔ یہ عمل فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز سے شروع ہوگا اور بزرگ شہریوں جن کی عمر 65 سال سے زائد ہوگی کو لگائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مجلس قائمہ برائے قومی صحت میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سلطان نے کہا کہ ملک کی20 فیصد آبادی اس سے مستفید ہوگی۔ چیئر پرسن کمیٹی نے ویکسین کے خلاف افواہوں کو بڑھاوا دینے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مہم تیار ہے اور ویکسین کے انتظام کے مطابق شروع کی جائے گی۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری گرلز سکول ونیکے تارڑ میں 6 طالبات میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر سکول کو سیل کر دیا گیا ہے۔
کرونا:فیصل آباد کے 9 سمیت57 جاں بحق، ویکسین کیلئے طیارہ چین بھیجنے کا فیصلہ
Jan 29, 2021