حیدر آباد کی تاجر برادری کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے، عمر ایوب خان

حیدرآباد (اسپورٹس رپورٹر ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ترجمان کے مطابق صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے وفاقی وزیر انرجی (پاور ڈویژن) عمر ایوب خان اور چیئرپرسن کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور اُنہیں حیدرآباد ضلع کے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ عمر ایوب خان سے ملاقات کے دوران اُنہیں اُن کی حیدرآباد آمد کے دورے کے موقع پر چیمبر کی جانب سے اُن کو پیش کردہ مسائل اور اُن سے متعلق حل کرانے کی یقین دہانی سے آگاہ کیا اور اُنہیں جلد حل کرنے کے لئے درخواست کی۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے بتایا کہ اُن کی جانب سے پیش کردہ مسائل پر عملدرآمد کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کو منظوری کے لئے اِرسال کردیا گیا ہے جیسے ہی منظوری حاصل ہوگی اوّلین فرصت میں حیدرآباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کی پیش رفت شروع ہو جائے گی۔ بعد ازاں صدر چیمبر سلیم الدین قریشی کی چیئرپرسن پارلیمنٹری اسپیشل کمیٹی برائے کشمیری اَمور شہریار خان آفریدی سے ملاقات ہوئی جس میں چیئرپرسن نے 5 فروری کو کشمیر ڈے گرم جوشی اور جذبے سے منانے کی درخواست کی۔ سلیم الدین قریشی نے شہریار خان آفریدی کو یقین دہانی کرائی کہ حیدرآباد کی بزنس کمیونٹی نے پہلے ہی 5 فروری کو کشمیر ڈے کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لئے ایک ریلی نکالنے اور کشمیریوں کے جدوجہد میں شریک ہونے کا پروگرام ترتیب دے رکھا ہے۔ وفد میں ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی شان الٰہی سہگل، محمد فہد میاں اور کنونیئر سب کمیٹی گرم کھداس بھی شامل تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن