کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریم ہونے کی پی سی بی نے تحقیقات شروع کردیں جب کہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق جیسے ہی ذمہ داران کا علم ہوا ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریم ہونے کی بدھ کو نشاندہی ہوئی تھی، حیران کن طور پر دوسرے دن کا کھیل بھی مذکورہ سائٹ پر نشر ہوتا رہا، جس پر لوگ شرطیں لگاتے رہے،ویڈیو کی بائیں جانب پی سی بی کا لوگو تک موجود ہے، یہ ویب سائٹ بغیر وی پی این کے پاکستان سے بھی کھولی جا سکتی ہے۔رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جیسے ہی ذمہ داران کا علم ہواان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،لائیو اسٹریمنگ غیرقانونی طور پر ہورہی ہے،انھوں نے کہا کہ ہمارا اسپانسر شپ معاہدہ نیوز ویب سائٹ sky247.net سے ہے، اس کے پیج پر منگل کو بیٹنگ سائٹ کا لنک آنے کی ہم نے نشاندہی کر دی تھی، اب وہاں ایسا کوئی اشتہار موجود نہیں ہے۔