ڈینئل پرل کیس: وفاقی اور سندھ حکومتوں کا نظر ثانی کی اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

Jan 29, 2021 | 10:26

ویب ڈیسک

اسلام آباد: امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی بریت کے عدالتی حکم کے خلاف وفاقی اور حکومت سندھ نے نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اٹارنی جنرل پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈینئل پرل قتل کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت اس سلسلے میں حکومت سندھ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومتوں کے درمیان اس امر پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ملزمان کی رہائی کے فیصلے کے خلاف جلد از جلد نظرثانی کی اپیل دائر کی جائے گی۔

 اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید نے کہا ہے کہ وفاق، حکومت سندھ کے ساتھ اس مسئلے پر ہر طرح سے تعاون کرے گی۔

سندھ کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت احمد عمر شیخ کی رہائی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کرے گی۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز احمد عمر شیخ سمیت دیگر ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ بری ہونے والے دیگر ملزمان میں فہد نسیم، سلمان ثاقب اور محمد عادل شامل ہیں۔

مزیدخبریں