لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے باہر ہو گئیں۔ دائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ لگنے کی وجہ سے جویریہ خان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں شرکت نہیں کریں گی۔ ان کی عدم موجودگی میں عالیہ ریاض اب پہلے میچ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ گذشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران ٹاپ آرڈر بیٹر کی انگلی پر چوٹ لگ گئی تھی، جس کے بعد ایکسرے کروانے کی غرض سے انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایکسرے میں تصدیق ہوئی ہے کہ جویریہ خان کی انگلی میں کوئی فریکچر نہیں ہے۔ آج دن کے آغاز پر ٹیم ڈاکٹر نے جویریہ خان کی چوٹ کا معائنہ کیا، جس کے بعد جویریہ خان کو آرام تجویز کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل اب دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ سے قبل جویریہ خان کی چوٹ کا جائزہ لے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 31 جنوری سے ڈربن میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے باہر ہو گئیں
Jan 29, 2021 | 20:34