پاکستان کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 127 رنزکے بھاری مارجن سے شکست دے کرفائنل میں رسائی حاصل کرلی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 127 رنزکے بھاری مارجن سے شکست دے کرفائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ایونٹ کا فائنل 31 جنوری بروز اتوار کو سٹیٹ بنک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں 30 جنوری کو مدمقابل آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بنک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں 340 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 36.5 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ کے اہم موقع پر نصف سنچری سکور کرنے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر آل راونڈر ظفر گوہر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر خرم منظور اور مڈل آرڈر بیٹسمین سعد علی کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ خرم منظور 88 اور سعدعلی 54 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ عمیر بن یوسف صفر، محمد حسن 9، اسد شفیق 14، دانش عزیز 5، حسان خان 15، میر حمزہ 16، محمد حسنین 5اور محمد عمر 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب کے فاسٹ باولر محمد علی نے 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد بشیر اور عثمان قادر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ظفر گوہر نے 1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ اس سے قبل سندھ کے کپتان اسد شفیق نے ٹاس جیت کر سنٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فاتح ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔اوپنر رضوان حسین کی 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں پر مشتمل 56 رنز کی اننگز نے سنٹرل پنجاب کو 87 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس دوران اوپنر طیب طاہر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ وہ 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پر سنٹرل پنجاب کے بلے باز لمبی پارٹنر شپ لگانے میں کامیاب نہ ہوسکے تاہم ساتویں نمبر پر میدان میں اترنے والے ظفر گوہر نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز سکور کرکےٹیم کا مجموعہ 300 کے پار لگانے میں مدد کی۔ سندھ کے حسان خان، محمد حسنین اور شاہنواز دھنی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ای پیپر دی نیشن