کرونا:30مریض جاں بحق،16ڈاکٹرز،36نرسیں متاثر،14سکول سیل


اسلام آباد ، راولپنڈی ، بیجنگ‘سیالکوٹ (نا مہ نگار+جنرل رپورٹر+شنہوا+نمائندہ خصوصی) پاکستان میںکرونا کیسز 14 لاکھ سے تجاوز کر گئے جبکہ اس وبا سے مزید 30اموات ہو ئیں، ملک میں کرونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 11.92فیصد ریکارڈ کی گئی، این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 8183 کیسز سامنے آئے ہیں، 1786 مریض شفایاب ہو گئے۔ 1353 کی حالت تشویش ناک ہے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 35 ہزار ہو چکی ہے، پنجاب میں ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں۔ اسلام آباد میں ہیلتھ کیئر ورکرز کرونا کے نشانے پر آگئے۔ پمز، پولی کلینک، سی ڈی اے اور فیڈریل گورنمنٹ ہسپتال کے 1450 ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ کرونا کا شکار ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے اگر او پی ڈی بند نہ کی جاتی تو پھر ضروری سروسز جاری رکھنا مشکل ہو جاتا۔ پمس کے ڈاکٹر عبدالجبار بھٹو نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 نرسز اور 16 ڈاکٹرز کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے اسپتال میں 30 ڈاکٹرز اور نرسز کورونا کا شکار ہوگئے ،فیڈرل گورنمنٹ اسپتال کے 10 ڈاکٹرز اور عملہ کورونا کا شکار ہے،جبکہ پولی کلینک نے او پی ڈی بند رکھنے میں5 فروری تک توسیع کر دی ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کا جائزہ اجلاس 10فروری کو ہوگا جس میں  ایس او پیز کے حوالے سے فیصلہ کیاجائے گا۔این سی او سی نے کہا ہے کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔  راولپنڈی میں مزید 14 سکول سربمہر،  45 سٹوڈنٹس، اساتذہ اور سٹاف ممبران میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار احمد نے ایک بیان میں بتایاکہ راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں 349 مریضوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔  مراکش نے آئندہ ماہ کی 7 تاریخ سے فضائی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کویتی نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع حامد جابر العلی الصباح کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ وزیر دفاع نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ سیالکوٹ نجی کالج کی تین اساتذہ میں کرونا پازیٹو آنے پر کالج کو 3 روز کے لئے بند کر دیا گیا۔ متعدد اساتذہ کی صحت خراب ہونے پر  چیک اپ کروایا جو کرونا پازیٹو آیا۔ نجی کالج میں ایف ایس ای میڈیکل، ایف اے، انجینئرنگ و دیگر کی چار ہزار سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اس صورتحال سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مکمل طور پر لاعلم رہے۔ پرنسپل نے کالج کو تین روز کے لئے بند کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن