اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکٹرانک ثبوتوں کے حصول پر مبنی جدید ترین پریکٹیکل گائیڈ کا اجرائ‘ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے سرحدوں سے پار الیکٹرانک ثبوتوں کے حصول پر مبنی جدید ’پریکٹیکل گائیڈ‘ کی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان ایشیا میں وہ پہلا ملک ہے جس نے ’یو این او ڈی سی‘ کی شراکت داری سے عالمی پریکٹیکل گائیڈ کے تقاضوں کو مقامی قانونی ضابطوں اور طریقہ ہائے کار سے ہم آہنگ بنایا ہے۔ اس گائیڈ سے پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بیرون ممالک میں کلیدی الیکٹرانک ثبوتوں تک رسائی میسر آئے گی جبکہ تحقیقات اور دہشت گردی سے متعلق جرائم پر کارروائی میں مدد ملے گی۔ پریکٹیکل گائیڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ حکومت پاکستان سائیبر سپیس کے غلط استعمال سے لاحق خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سائیبر سکیورٹی پالیسی کی روشنی میں حکومت اپنے نظام کو جدید بنانے، استعداد کار بڑھانے اور اسے مستعد بنانے کے علاوہ ڈیجیٹل رابطے میں بہتری لانے کے لئے پرعزم ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے ان اقدامات کو بھی اجاگر کیا جو وزارت خارجہ نے اپنے امور کار کو ڈیجیٹل بنانے کے لئے اٹھائے ہیں۔ تقریب سے ’یو۔این۔او۔ڈی۔سی‘ کے کنٹری نمائندے جیریمی میلسن، یورپی یونین کے سفیر اندرولا کمینارا کے علاوہ وزارت داخلہ اور انسداد دہشت گردی کی قومی اتھارٹی (این۔اے۔سی۔ٹی۔اے) کے اعلی حکام نے بھی خطاب کیا جبکہ سفارتکاروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
پاکستان سرحد پار الیکٹرانک ثبوتوں تک رسائی حاصل کرنے والا پہلا ایشیائی ملک
Jan 29, 2022