لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر نے کہا ہے کہ نوے روز میں کرپشن کے خاتمے کا دعویٰ، عمران خان کا دماغی معائنہ کرانا اب بنتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ قائم کئے۔ ساڑھے تین سال کی کارکردگی میں عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نظر نہیں آیا۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میرکاکہنا تھا کہ عمرانی دور میں غربت‘ مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل نہ صرف مزید گھمبیر ہو گئے بلکہ کرپشن میں بھی اضافہ ہوا جس کا ثبوت ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پر سال 2021ء کی رپورٹ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکومت کے گزشتہ ساڑھے تین سال میں عوام کو صرف مایوسی کا سامنا رہا ہے۔ حکومتی دعوؤں کے باوجود لاقانونیت‘ مافیاز کی اجارہ داری اور کرپشن نے آج بھی ملک بھر میں اپنے بے رحم پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔ مہنگائی کا عفریت ہرسو پھیلا ہے جس نے غریب عوام کا سانس لینا دوبھر کردیاہے۔