لاہور(نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے الحمراء میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب میں جاری مثالی، خاموش اور یکساں ترقی کے ثمرات جب ایک سروے کی شکل میں سامنے آئے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کارکردگی میں نمبر ون آئے تو بہت سے لوگوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی ایسا شعبہ نہیں ہے جہاں قابل قدر ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا کر گزشتہ حکومتوں کو پیچھے نہیں چھوڑا گیا۔ ہیلتھ کارڈ آئندہ دو ماہ میں پنجاب کے ہر شہری کے پاس ہو گا۔ آج انقلابی ای ٹرانسفر پالیسی کے باعث کسی استاد کو سیکریٹریٹ کے دھکے نہیں کھانے پڑتے۔ حسان خاور نے بتایا کہ بزدار حکومت نے سمال ڈیمز اور نہروں پر کام کر کے ستر سالہ جمود کو توڑا۔ کسان کارڈ اور مزدور کارڈ سے کاشتکاروں اور مزدوروں کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ آج سے پہلے کم از کم اجرت کا تصور صرف باتوں اور فائلوں کی حد تک تھا۔وزیرِ اعظم عمران خان کی بہترین حکمتِ عملی سے حکومتی ریونیو، برآمدات، ترسیلات زر نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور اسکا اعتراف بین الاقوامی جریدوں اور حکومتوں نے بھی کیا۔حسان خاور نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری دنیا میں بڑی کامیابی کے ساتھ اسلام کے پرامن بیانیہ کو پھیلایا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے حسان خاور کو منہاج یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہوں نے معاون خصوصی کو منہاج یونیورسٹی لاہور کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں خدمات اور امتیازات پر معلومات فراہم کیں۔ حسان خاور نے یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اور دفاتر کا دورہ بھی کیا۔
بزدار حکومت نے چھوٹے ڈیمز پر کام کر کے 70سالہ جمود توڑ دیا: حسان خاور
Jan 29, 2022