اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) برطانیہ میں قائم پاکستانی نثراد بزنس کمیونٹی کی تنظیم انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن (آئی بی پی سی) کے ایک وفد نے بانی چیئرمین چوہدری رضوان سلہریا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کے ساتھ برطانیہ میں پاکستان کی ایک سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا تا کہ برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دیا جائے۔ آئی بی پی سی کے سینئر وائس چیئرمین امیر مشتاق خان، سیکرٹری جنرل عاصم یوسف، منظور حسین، یاور فہیم، محمد اقبال، شیخ سہیل، نسیم میر اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، ہمایوں کبیر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔چوہدری رضوان سلہریا نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان کی ایکسپو میں سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور دیگر شہروں سے مختلف شعبوں کی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کرنا چاہتی ہے اور کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبران بھی مذکورہ نمائش میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے کم ہے لہذا انہوں نے کہا کہ چیمبر اور آئی بی پی سی دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں تاکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکے۔
چودھری رضوان کی قیادت میں آئی بی پی سی کے وفد کااسلام آباد چیمبر کا دورہ
Jan 29, 2022