لاہور(نیوزرپورٹر) وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز اینڈہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں 30 یوم کے اندر ون ونڈوآپریشن سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا جہاں ایک ہی چھت کے نیچے اوورسیز پاکستانیوں کو تمام خدمات اور سہولیات میسر ہو نگی۔ وزیراعظم کا ویژن اور اولین ترجیح اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے جس کیلئے ایک جامع پالیسی بھی بنائی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں او پی سی آفیسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر او پی سی سید خادم عباس،ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد علی ڈائریکٹر ایڈمن تنویر ماجد، ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر،ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ذولفقار بھون اور دیگر ڈیلنگ آفیسران بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی رہنمائی میں تین ماہ کے عرصہ میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح وبہود کیلئے ایک ہی چھت کے نیچے انقلابی اقدامات کیے گئے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو بہت ریلیف ملا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملا ہے جس پر سمندپار پاکستانی بہت خوش ہیں۔حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانی اپنا ووٹ ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔
وزیراعظم کا ویژن اوورسیزکے مسائل حل کرنا اولین ترجیح:طارق محمودالحسن
Jan 29, 2022