یہ امر خوشی اور اطمینان کا باعث ہے کہ کراچی میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں رنگا رنگ تقریب سے اس کا افتتاح ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ رمیز راجہ نے مشترکہ طور پر خصوصی ویڈیو میں لیگ کے افتتاح کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اب تک کی پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا تذکرہ کیا گیا۔ ملکی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کو ویڈیو میں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ کرکٹ کے اہم اور یادگار لمحات بھی ویڈیوکا حصہ بنائے گئے۔ شائقینِ کرکٹ کا جوش و خروش بھی عروج پر تھا۔ تقریب کا اختتام آتش بازی کے مظاہرے سے کیا گیا جس سے سٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
ایک ایسے وقت میں کہ جب پاکستان کے عوام گوناں گوں مسائل میں اُلجھے ہوئے ہیں۔ زندگی کی دلچسپیاں مفقود اور اس کا حسن ماند پڑتا جارہا ہے۔ پاکستان سپرلیگ کے زیر عنوان عوام الناس کیلئے ایک خوبصورت تفریح کا اہتمام گھٹن زدہ فضا میں تازہ ہوا کے خوشگوار جھونکے کا درجہ رکھتا ہے۔ پی ایس ایل کے انعقاد سے یقینی طور پر شائقینِ کرکٹ کو بین الاقوامی معیار کی حامل کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اس سے ایک طرف اندرونِ ملک لوگ ان میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے تو دوسرے طرف امن و امان کے حوالے سے بیرونِ ملک پاکستان کاسافٹ امیج اجاگر ہوسکے گا۔ کھیل انسانی زندگی کیلئے بے حد ضروری ہیں کہ ان سے جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ ذہنی آسودگی بھی حاصل ہوتی ہے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کے عوام کو اسکی ضرورت بھی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزارتِ کھیل اور خاص طور پر پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ اس حوالے سے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے عوام کو ایک اچھی تفریح مہیا کرنے کا سامان کیا۔
پاکستان سپرلیگ خوشگوار ہوا کا جھونکا
Jan 29, 2022