پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز کم سکور والے میچ سے نہیں ہونا چاہیے تھا جب سب کی نظریں افتتاحی میچ پر ہوں تو میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے والوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ اگر پہلا میچ اچھا ہو تو شائقینِ کرکٹ کی مقابلوں میں دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔
پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے لیے پچ اچھی نہیں تھی عمومی طور پر نیشنل سٹیڈیم کی پچ بہت اچھا کھیلتی ہے لیکن اس مرتبہ اچھی رفتار سے ہونے والی باؤلنگ پر بھی وکٹ کیپر اپنے گھٹنوں پر پکڑ رہا تھا، گیند رک کر آ رہا تھا، بیٹرز کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسی پچز کی وجہ سے شائقینِ کرکٹ کی دلچسپی کم ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ مار دھاڑ والی کرکٹ ہوتی رہے لیکن اچھے شاٹس اور اچھی باؤلنگ تو ہونی چاہیے۔ ایسی فاسٹ باؤلنگ جسے دیکھ کر لگے کہ کوئی فاسٹ باؤلر باؤلنگ کر رہا ہے۔ بہرحال امید ہے کہ آنے والے میچز اچھی پچز پر کھیلے جائیں گے۔ شان مسعود بہت اچھا کھیلے، وہ گیند کو مڈل کر رہے تھے۔ رضوان نے ایک مرتبہ پھر بہترین کرکٹ کھیلی، ایسی پچ پر جہاں رنز کرنا مشکل ہو وہاں رضوان نے اپنی ٹیم کے لیے ایک اور میچ وننگ اننگز کھیلی۔ دونوں ٹیموں کے اہم کھلاڑی کرونا یا فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے آنے والے دنوں میں بھی ان مسائل کا سامنا رہے گا لیکن سب سے اہم لیگ کے مقابلوں کا تسلسل ہے۔ عمران طاہر نے بہت اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں گیند کو فلائٹ کم باولرز دیتے ہیں لیکن عمران طاہر کے پاس لیگ سپن باؤلنگ کے تمام ہتھیار ہیں وہ فلائٹ دیتے ہیں، گگلی کرتے ہیں، فلپر کرتے ہیں لائن و لینتھ بہت اچھی ہے یہی وجہ ہے کہ کامیاب ہیں۔ شاہنواز دھانی نے بھی اچھی باؤلنگ کی، احسان کی رفتار بھی اچھی تھی۔ یہ ایک بڑا میچ تھا جس میں محمد رضوان نے بابر اعظم کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ کراچی کنگز کو محمد عامر کی کمی محسوس ہوئی ہے۔
پاکستان سپرلیگ پہلے میچ کی پیچ اچھی نہیں تھی: سلمان بٹ
Jan 29, 2022