لاہور ( سپورٹس رپورٹر) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام ججز ، وکلا اورپاکستان سویٹ ہوم کے کیڈٹس کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ آج ہفتہ کو ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔راولپنڈی ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے ججز اور ڈویژن بھر سے وکلاء کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینگے۔پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کی سربراہی میں سویٹ ہوم کے کیڈٹس پر مشتمل ٹیم اس ایونٹ میں حصہ لے گی۔ کرکٹ ٹورنامنٹ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرزاق خان او رسیکرٹری شاہد علی شہزاد بھٹی کی سرپرستی میں کرایا جا رہا ہے۔ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرزاق خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ججز، وکلاء اور پاکستان سویٹ ہوم کے کیڈٹس حصہ لینگے۔ ہفتہ کو ٹورنامنٹ صبح دس بجے ایوب پارک گراونڈ میں شروع کر دیا جائیگا۔ ججز اوروکلاء کیساتھ سویٹ ہوم کے کیڈٹس کا شریک ہونا خوش آئند ہے ہم کسی صورت بھی ان بچوں کو اس قسم کی کھیلوں کی سرگرمیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔ کھیل صحت مند زندگی کیلئے بہت ضروری ہے اور کرکٹ پاکستان کامقبول کھیل ہے ہم نے اسی مناسبت سے اس ایونٹ کا انعقاد کیا ہے تاکہ ججز اور ووکلاء بھی ان میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کھیلوں کی سرگرمیاں ہر شعبہ کیلئے ضروری ہے ججز اور وکلاء کی ٹیمیں بھی کرکٹ کے میدانوں میں اپنی صلاحیت دیکھانے کیلئے پر جوش ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ ہم راولپنڈی ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ با ر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ججز اور وکلاء کیساتھ پاکستان سویٹ ہوم کے کیڈٹس کو بھی اس ایونٹ میں موقع فراہم کیا۔ ہمارے کیڈٹس مقابلے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ ججز اور وکلاء کیساتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلناان بچوں کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
ججز ، وکلا ‘پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹس کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ آج راولپنڈی میں ہو گا
Jan 29, 2022