اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایک روزہ ریجنل ڈائریکٹر کانفرنس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم کے زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں وڈیو کانفرنسنگ لنک کے ذریعے یونیورسٹی کے 54۔ریجنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصدطلبہ کی سہولتوں میں مزید اضافے کے لئے حکمت عملی، چیلنجز، مستقبل کے منصوبوں اور ملک بھر میں بالخصوص دور دراز علا قوں سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے، سمسٹر بہار 2022 کے داخلوں کے خواہشمند افراد کو قریب ترین مقامات پر داخلوں میں معاونت اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ریجنل ڈائریکٹرز سے مشاورت اور انہیں ہدایات دینا تھی۔ کانفرنس کا ایک اور بڑا مقصد اگلے ہفتے ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، انعام اللہ شیخ کو اعزاز کے ساتھ الوداع کہنا اور بہترین خدمات انجام دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ کانفرنس میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس اور پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے کہا کہ ریجنل نیٹ ورک کو مضبوط کرنا روز اول سے انکی ترجیح رہی ہے، ریجنل کیمپسز کو درکار تمام سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں تاکہ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ ہیومن ریسورس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قواعد وضوابط کو فالو کرتے ہوئے ان تین سالوں میں سٹاف ڈیولپمنٹ کے حوالے سے بہت کام کیا ہے اور ریجنل دفاتر میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا ہے۔ وائس چانسلر نے ڈائریکٹر آئی سی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ کیمپس مینجمنٹ سسٹم(CMS)اور آگاہی ایل ایم ایس پر ریجنل دفاتر کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن کا انعقاد کرے اور ماسٹر ٹریننرز کے ذریعے ریجنل دفاتر کے عملے کو یونیورسٹی کی ڈیجٹل نظام کی تربیت فراہم کریں تاکہ وہ طلبہ کی راہنمائی کرسکیں۔آخر میں وائس چانسلر نے ریٹائر ہونے والے ڈی جی آر ایس، انعام اللہ شیخ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا، علاقائی ناظمین نے بہترین خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، انعام اللہ شیخ نے انکی خدمات کو سراہنے پر وائس چانسلر اور ناظمین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ انکی کامیابی میں زیادہ کردار وائس چانسلر کا ہے جس کی انہیں پشت پناہی حاصل رہی۔یونیورسٹی کے نیٹ ورک کی توسیع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں اگر 25فیصدکردار انکا ہے تو 75فیصد حصہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم کا ہے۔
ریجنل نیٹ ورک کو مضبوط کرنا روز اول سے ترجیح رہی ہے، ڈاکٹر ضیا القیوم
Jan 29, 2022