عمران کیخلاف خواجہ آصف کا ہتک عزت کیس‘ فریقین کے وکلاء پر جرمانہ عائد

Jan 29, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر ہتک عزت کیس میں التوا کی درخواست پر دونوں فریقین کے وکلا پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ عمران خان پر خواجہ آصف کے ہرجانہ کیس سے متعلق درخواست پر سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امید علی بلوچ نے کی۔ خواجہ آصف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خواجہ آصف کے وکیل کی بھتیجی کی شادی ہے لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ 11 سال سے کیس چل رہا ہے، آج جرح کے موقع پر التوا کی درخواست کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج امید بلوچ نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ ہرجانے کے دعوے کا 90 دن میں فیصلہ کیا جائے، عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان بھی 11 فروری کو جرح کے لیے ویڈیو لنک پر دستیاب ہوں گے۔ ہمیں التوا کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ عدالت نے خواجہ آصف کے خلاف عمران خان کے ہرجانہ کیس میں فریقین کے وکلا پر 10، 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں