اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے انتہائی احمقانہ اور جارحانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اسلام فوبیا کے شکار افراد کی جانب سے چند روز قبل سویڈن میں بھی اسی طرح کی حرکت کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس مکروہ فعل کی تکرار سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں یہ شک پیدا ہوتا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کیلئے آزادی اظہار کا کھلم کھلا استحصال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کی مذموم حرکت قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان لگاتی ہے، جس کے پیچھے اسلاموفوبس خود کو چھپاتے ہیں اور معافی کے پردہ میں نفرت پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پرامن بقائے باہمی کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی بڑھتی ہوئی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برداری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ ملتی ہے۔ پاکستان یہ بھی تسلیم کرتا ہے کہ یہ حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے نسل پرستانہ اور اسلام کے حوالہ سے نفرت انگیز کارروائیوں کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تحفظات کو ڈنمارک کے حکام تک پہنچا رہا ہے۔ پاکستان ڈنمارک پر زور دیتا ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے اور مستقبل میں اس طرح کی نفرت انگیز اور اسلاموفوبیک کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔
اسلامو فوبک کارروائیاں رکوانا عالمی برادری کی ذمہ داری ، پاکستان، واقعہ کی شدید مذمت
Jan 29, 2023