اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا: سراج الحق

Jan 29, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا۔ کم از کم وزیرخزانہ کی بات کا تو یہی مطلب نکلتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی موٹروے پر ڈال کر خود نیچے اتر جائے۔ تینوں آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی پر متفق ہیں۔ حکمران جماعتیں نااہل ثابت اور بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ حکمران مشکل وقت میں ملک اور قوم کو لاوارث چھوڑنے کے عادی ہیں، جب بھی کوئی مصیبت پڑی یہ یورپ اور امریکا میں ملتے ہیں، انھوں نے سیلاب متاثرین کو بھی تنہا چھوڑا۔ ملک کا سارا نظام سود، قرضوں اور امداد پر چل رہا ہے۔ قوم کے 35برس جرنیلوں نے باقی عرصہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ضائع کیا، بار بار باریاں لینے والے ایک بار پھر باری مانگ رہے ہیں۔ قوم کی تقدیر اس کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ آزمائے ہوئے لٹیروں اور ظالموں کو مزید موقع دینا آئندہ نسلوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے اس موقع پر خصوصی طور پر ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘کا تذکرہ کیا اور تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر افرادکی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب محرومیوں کا گڑھ بن چکا ہے، جنوبی پنجاب سے حکمرانوں نے جو وعدے کیے پورے نہیں ہوئے، یہاںکا نوجوان بے روزگار، انفراسٹرکچر تباہ اور لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں، جنوبی پنجاب کا کسان، مزدور پریشان ہے، چولستان کو تباہ کر دیا گیا بلکہ حکمرانوں نے پورے ملک کو چولستان بنا دیا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے فنڈ کا حساب دیں۔

مزیدخبریں