اسلام آباد‘ ڈی جی خان‘ لاہور (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا۔ ادھر ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دو دہشت گرد فرار ہو گئے۔ دہشت گرد پولیس چوکی پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے کلاشنکوف‘ پستول‘ دو دستی بم اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سی ٹی ڈی نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گرد لاہور‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی اور خیبر پی کے میں دہشت گردی کر چکے ہیں۔