کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز ہزاروں روپے اضافہ ہو گیا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار روپے ہو گئی۔ 10گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 574 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار 184 روپے ہو گئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 100 روپے اضافہ ہو گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 2300 روپے ہو گئی۔ عالمی صرافہ بازار میں سونا 2 ڈالر کم ہو کر 1928 ڈالر فی اونس ہو گیا۔دوسری طرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ بد ترین گراوٹ کا شکار رہا۔ اس دوران انٹر بنک میں ڈالر 32.45روپے مہنگا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30.50روپے بڑھ گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ڈالر پر سے کیپ ہٹاتے ہی ڈالر نے بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔